Header Add

درس کی تیاری او رمطالعہ

Print Friendly and PDF

درس کی تیاری او رمطالعہ

اساتذہ اور معلّمات کوکلاس میں تدریس كے لئے جانے سے قبل جو سبق پڑھانا ہے اس كے لئے اچھی طرح تیاری اورمطالعہ کرنا چاہئے، اس کی عبارت کو اچھی طرح حل کرنا اور سمجھنا چاہئے ۔ اس کے مسائل اور مضامین کو ذہن نشین کرنا چاہئے ۔مشکل الفاظ کے معانی ، واحد، جمع، جملوں میں استعمال وغیرہ کو جاننا چاہئے ، اورکسی لفظ اور عبارت کو حتی الامکان غیر مفہوم نہیں رہنے دینا چاہئے ، کسی درس کو بغیر سمجھے اور بغیر معرفت و بصیرت کے پڑھانا غلط ہے۔

قُلْ ہٰذِہ سَبِیْلِیْٓ اَدْعُوْٓا اِلَی اللّٰہِ عَلٰی بَصِیْرَۃٍ اَنَا وَمَنِ اتَّبَعَنِیْ

(اے نبی !) آپ کہہ دیجیے کہ یہ میرا راستہ ہے، میں اللہ کی طرف بلا رہا ہوں، پوری بصیرت کے ساتھ، میں بھی اور وہ لوگ بھی جنہوں نے میری پیروی کی ہے۔

رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :

مَنْ أُفْتِىَ بِغَيْرِ عِلْمٍ كَانَ إِثْمُهُ عَلَى مَنْ أَفْتَاهُ

جس نے بغیر علم کے کوئی فتویٰ دیا تو اس کا گناہ فتویٰ دینے والے پر ہوگا۔

(رواہ ابو داود والدارمی، و قال الألبانی: سندہ حسن .مشکاۃ:۱؍۸۱)

مطالعہ سے جہاں علم وبصیرت حاصل ہوتی ہے وہیں استاد جب مطالعہ اور سبق کی تیاری پہلے سے کر کے کلاس میں پڑھانے جاتا ہے تو اسے اپنے اوپر مکمل اعتماد ہو تا ہے، اور وہ پورے اطمینا ن اور انشراح صدر کے ساتھ پڑھا تا ہے ۔اور اگر پہلے سے مطالعہ اور تیاری نہیں کی ہے تو اسے اطمینان نہیں ہوتا۔اورہر وقت اسے خوف لگا رہتا ہے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ کوئی عبارت حل نہ کرسکوں،کوئی مسئلہ طلبہ پوچھ لیں اور میں نہ بتا سکوں ،اس طرح وہ پورے درس میں پریشان رہتا ہے ۔ اور اگر کبھی کوئی مسئلہ صحیح طریقہ سے نہیں جانتا اوراٹکل سے بتا دیا اور غلطی ہو گئی تو گناہ کے ساتھ اس کا انکشاف ہو نے پر اس کے علمی وقار کو بھی نقصان پہنچے گا ۔ اور طلبہ کا اس پر اعتماد ختم ہو جائے گا۔

پرانے اور تجربہ کار اساتذہ کو بھی مطالعہ اور درس کی تیاری کا اہتمام کرنا چاہئے،اور کبھی اس خوش فہمی میں مطالعہ ترک نہیں کرنا چاہئے کہ یہ مضمون یا کتاب ہم بہت دنوں سے پڑھاتے ہیں اور ساری باتیں ہمیں یاد ہیں اور اب مطالعہ کی ضرورت نہیں، کیونکہ کبھی پرانے اساتذہ بھی مطالعہ نہ کرنے کی صورت میں بعض عبارتوں میں پھنس جاتے ہیں اور اسی طرح بعض مسائل بروقت یاد نہیں آتے جس سے انہیں بڑی شرمندگی اٹھانی پڑتی ہے، اس واسطے تمام اساتذہ ومعلّمات کودرس کی تیا ر ی اور مطالعہ کا اہتمام کرنا چاہئے۔

تالیف – ڈاکٹر فضل الرحمن المدنی، جامعہ محمدیہ ، منصورہ مالی گاؤں

 

Print Friendly and PDF

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی

Post Add 1

Post Add 2