Header Add

سبق کی منصوبہ بندی اہمیت اورفوائد

Print Friendly and PDF

سبق کی منصوبہ بندی اہمیت اورفوائد

سرسید احمد خان کے خیال کے مطابق ’’کسی شخص کو تعلیم دینے کا مقصد یہ ہے کہ اس کی فطری صلاحیتوں کا تجزیہ کرکے اس کو صحیح راستہ پر ڈالا جائے۔ تعلیم دینا درحقیقت کسی چیز کا باہر سے ڈالنا نہیں بلکہ بچے میں کائناتِ فطرت کی سمجھ کے ساتھ ساتھ بصارت بھی پیدا کرنا اور اسے اس قابل بناتا ہے کہ وہ زندگی میں اپنی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کرسکے۔‘‘ لہٰذا، تعلیم کے یہ مقاصد حاصل کرنے کے لیے تدریس میں سبق کی منصوبہ بندی ضروری ہے۔ استاد کے لیے سبق کا ازبر ہونا ’سبق کی تیاری‘ تو کہا جاسکتا ہے لیکن ایسا لائحہ عمل اختیار کرنا جس کے ذریعے طلباء کو سبق واضح طور پر سمجھ میں ہی نہ آئے بلکہ ذہن نشین بھی ہوجائے، ساتھ ساتھ متعلقہ عنوان کی استعداد بھی پیدا ہو، سبق کی منصوبہ بندی کہلائے گا۔بارآور تعلیم کے لیے سبق کی منصوبہ بندی ضروری ہے۔ سبق کی منصوبہ بندی کی کیا اہمیت اور فوائد ہیں، ذیل میں اس کا اجمالی خاکہ پیش کیاجاتا ہے۔

1۔ مقصد کا تعیّن:

سبق کی منصوبہ بندی سے سبق کا مقصد واضح ہوجاتا ہے اور استاد گم گشتہ شاہ راہوں پر گھومنے کی بجائے اپنے ٹریک ’سبق‘ پر رہ کر متعین مقصد حاصل کرنے کی سعی کرتا ہے۔ واضح رہے کہ تدریس کے مقاصد حاصل کرلینا ہی کامیاب تعلیم کی دلیل ہے۔

2۔ خود اعتمادی:

سبق کی منصوبہ بندی سے استاد دورانِ تدریس آمدہ تدریسی مشکلات کا اندازہ لگاکر ان کا حل تلاش کرلیتا ہے۔ جس سے وہ طلباء کے اذہان میں اٹھنے والے سوالات کے جوابات خوداعتمادی سے دے سکتا ہے اور سبق سے متعلقہ ابہام کا بھی ازالہ کرسکتا ہے۔ سبق سے متعلقہ امور پر غوروفکر کرتا ہے اور غیرمتعلقہ چیزوں سے اجتناب کرتا ہے۔

3۔ تدریسی معاونت کی تیاری:

انسان مشاہدے سے بہتر طور پر سیکھتا ہے۔ قرآن حکیم نے بھی اسی لیے کائنات میں غوروفکر کی دعوت دی ہے۔ سمعی وبصری معاونت کا استعمال بچوں کے لیے سیکھنے میں کافی مددگار ہوتا ہے۔ سبق کی منصوبہ بندی کا یہ فائدہ ہے کہ پیش کیے جانے والے سبق کی سمعی وبصری معاونت کا بندوبست کرلیا جاتا ہے۔

4۔ اسباق میں ربط:

سبق کی منصوبہ بندی سے تدریسی عمل میں تسلسل برقرار رہتا ہے۔ کلاس ٹیچر کی غیرموجودگی میں متبادل استاد آسانی سے سبق پڑھا سکتا ہے۔ اس طرح طلباء کے وقت کا ضیاع بھی نہیں ہوتا۔

5۔ تخیل اور اختراع:

دیے گئے نصاب کو ہو بہو رٹا دینے سے تعلیم کا مقصد حاصل نہیں ہوسکتا۔ لہٰذا، ضروری ہے کہ نصاب کی حدود میں رہ کر بچے میں متعلقہ عنوان کے بارے میں استعداد پیدا کی جائے۔ استاد اپنی سوچ کا گھوڑا دوڑا کر نئی سرگرمیاں متعارف کروا سکتا ہے تاکہ بچے سبق کو جلدی سمجھ سکیں۔ وہ جائزے کے لیے ایسے سوالات بھی تیار کرسکتا ہے جس سے ان کے فہم کا اِدراک ہو۔ بچوں کو سبق کا مقصد سمجھانے کے لیے اس کے اہم نکات کی نشان دہی بھی کرسکتا ہے۔
Print Friendly and PDF

Post a Comment

جدید تر اس سے پرانی

Post Add 1

Post Add 2